تہران: (دنیا نیوز) ایران کے صدر حسن روحانی نے اقتصادی رکاوٹوں کو ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی امریکی پابندیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔
صدر حسن روحانی نے امریکا کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایران نئی امریکی پابندیوں سے نہیں ڈرتا، کئی ممالک کے نمائندوں نے تہران سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
انہوں نے کہا وہ عوام کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ ایرانی حکومت امریکی دھمکیوں سے کسی قسم کا خوف محسوس نہیں کر رہی، کئی ایشیائی اور یورپی ممالک کے نمائندوں کی جانب سے تعاون کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ امریکا چار نومبر سے تہران پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر چکا ہے جس میں ایران کے آئل سیکٹر کو نشانہ بنایا جائے گا۔