امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیمو کریٹس کو برتری ملنے کا امکان

Last Updated On 06 November,2018 05:10 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) سی این این سروے کے مطابق ڈیموکریٹس کو 55 اور ریپبلکنز کو 42 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔

وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کو برتری ملنے کا امکان ہے۔ سی این این سروے کے مطابق ڈیموکریٹس کو 55 اور ریپبلکنز کو 42 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔ مردوں میں دونوں پارٹیوں کو تقریبا برابر ووٹ مل سکتے ہیں جس کا تناسب 49 اور 48 فیصد ہے۔

62 فیصد خواتین ڈیموکریٹس کو اور 35 فیصد ریپبلکنز کو ووٹ دیں گی۔ سیاہ فام اور لاطینی امریکی باشندوں میں بالترتیب 88 اور 66 فیصد ووٹرز ڈیموکریٹس کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ ایشیائی باشندے زیادہ تر ٹرمپ مخالفت میں ووٹ دے رہے ہیں۔

امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے لیے 50 فیصد سے زائد ٹرن آوٹ متوقع ہے اور غیر موجود افراد کے ووٹ بھی بہت بڑی تعداد میں ڈالے جائیں گے۔ انتخابات سے ایک روز قبل بھی لوگوں کی بڑی تعداد نے ارلی ووٹنگ میں حصہ لیا۔

یاد رہے کہ امریکا میں ایوان نمائندگان کی تمام (435) اور سینیٹ کی ایک تہائی (34) نشستوں جب کہ 39 ریاستوں کے گورنر کے لیے آج انتخابات ہو رہے ہیں۔ ان انتخابات کے نتائج سے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں راج کرنے والی جماعت کا تعین ہوسکے گا