ایودھیا: رام مندر بنانے کیلئے ہندو انتہا پسند دوبارہ سرگرم

Last Updated On 25 November,2018 07:12 pm

ایودھیا : (دنیا نیوز) بھارت میں انتہا پسند ہندوؤں کی بدمعاشی بڑھ گئی، رام مندر بنانے کیلئے ایودھیا شہر پر تین لاکھ ہندوؤں نے قبضہ جما لیا۔ بی جے پی رام مندر بنائے یا اقتدار چھوڑ دے، شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے حکومت کو' تڑی لگا دی، ایودھیا شہر میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔

انتہا پسندوں کی انتہا پسندی عروج پر پہنچ گئی، ایودھیا میں رام مندر بنانے کی مہم عروج پر پہنچ گئی۔ شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے بی جے پی کو دھمکی دیدی کہ بی جے پی رام مندر بنائے یا اقتدار چھوڑ دے۔

اودھوٹھاکرے نے سرعامِ تلوار اٹھا کر مودی سرکار کو للکارا، اور کہا کہ رام مندر کی تعمیر جلد از جلد کی جائے۔ پورے بھارت سے شیو سینا کے تین لاکھ کارکن ٹرین بک کروا کر، بسوں، لاریوں اور موٹر سائیکل سے ایودھیا پہنچے ہیں۔

شیو سینا نے حکومت پر دباؤ ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مندر کی تعمیر کے لیے بلا تاخیر آرڈیننس جاری کرے اور تعمیر کی ایک تاریخ مقرر کرے۔ شہر میں جگہ جگہ پولیس، نیم فوجی دستے اور دیگر فورسز تعینات ہیں۔ 1992 میں بھی انتہا پسند ہندؤں نے بابری مسجد کو شہید کیا تھا۔ اسی جگہ پر انتہا پسند ہندؤ رام مندر تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔