فرانس: پر تشدد مظاہروں کے بعد صدر میکرون کا تنخواہیں بڑھانے کا اعلان

Last Updated On 11 December,2018 11:30 am

پیرس: (دنیا نیوز) فرانس میں پُرتشدد مظاہروں کے بعد صدر میکرون نے ہتھیار ڈال دیئے۔ جنوری سے تنخواہیں بڑھانے کا اعلان کر دیا۔

فرانس میں چار ہفتوں سے جاری احتجاج رنگ لے آیا، قوم سے خطاب میں صدرمیکرون نے جنوری سے کم سے کم تنخواہ 100 یورو تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے پنشنرز پر عائد ٹیکسز میں اضافہ واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اوورٹائم ٹیکس کاخاتمہ اور پنشن کی مد میں کاٹی جانے والی رقم میں بھی کٹوتی کردی جائے گی۔ صدر میکرون نے اعتراف کیا کہ ان کے بیان سے کچھ لوگوں کی دل آزاری ہوئی۔

فرانس میں چار ہفتوں سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، ٹیکس اور افراط زر کے خلاف پرتشدد مظاہرے جاری تھے۔