دوحہ: (ویب ڈیسک) افغان طالبان کے نائب امیر اور قطر میں واقع طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی برادر دوحہ پہنچ گئے ہیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر کہا ہے ’’ملا برادر بحفاظت دوحہ پہنچ گئے ہیں‘‘ لیکن طالبان ترجمان نے یہ و ضاحت نہیں کی ہے کہ وہ کب قطر پہنچے۔
ملا برادر ایک ایسے وقت قطر پہنچے ہیں جب امریکہ اور طالبان کے درمیان بات چیت کا ایک اور دور پیر کو دوحہ میں شروع ہو رہا ہے۔
گزشتہ ماہ دوحہ میں امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور طالبان نمائندوں کے درمیان ہونے والی بات چیت میں افغان تنازع کے حل کے لیے ایک مجوزہ لائحہ عمل پر غور ہوا تھا۔
طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے ایک ٹوئٹر یبان میں کہا ہے کہ طالبان کی مذاکراتی ٹیم اور امریکی وفد کے درمیان بات چیت 25 فروری کو دوحہ میں شروع ہو رہی ہے جس میں بات چیت کا ایجنڈا طالبان ترجمان کے بقول افغانستان سے ’’قابض فوج کی واپسی اور طالبان کی طرف سے افغان سرزمین کو کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نا ہونے کا معاملہ شامل ہے‘‘۔
دوسری طرف ایسی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں کہ امریکہ کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد کے ساتھ بات چیت کرنے والے طالبان وفد کی قیادت ملا برادر کریں گے لیکن طالبان کی طرف سے تاحال اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
افغان حکومت کا کہنا ہے کہ مکمل جنگ بندی بھی مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہے۔