نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) انتہاپسند تنظیم ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے بھی پلواما حملے پر سوالات اٹھا دیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے میں مارے گئے فوجی سیاست کا نشانہ بنے۔ نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اجیت ڈوول سے پوچھ گچھ کرنے سے پلواما حملے کا سچ سامنے آ جائے گا۔
پلواما حملہ، انتخابات سے پہلے مودی سرکار کا سوچا سمجھا ڈرامہ ہے، انتہا پسند تنظیم ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے مودی سرکار کو اس حملے کا منصوبہ کار قرار دے دیا۔
مہاراشٹرا میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ پلواما حملے کے وقت مودی فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے، حملے کے بعد بھی مودی شوٹنگ کراتے رہے۔ ناونرمان سینا کے مطابق پلواما حملے میں ہلاک ہونے والے فوجی سیاست کا نشانہ بنے۔ مودی حکومت نے انتخابات سے پہلے رافیل ڈیل اور دیگر بد عنوانیوں سےعوام کا دھیان ہٹانے کے لیے حملہ کرایا۔ انہوں نے کہا ہر حکومت ایسی چیزیں کرتی ہے، مودی کی حکومت نے ایک منصوبے کے تحت حملہ کرایا۔ راج ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ نیشنل سیکورٹی ایڈوائزر اجیت دوول سے پوچھ گچھ کے بعد پلوامہ حملے کا سچ سامنے آ جائے گا۔