مقبوضہ وادی میں مزید فوج تعینات، یاسین ملک سمیت کئی حریت رہنما گرفتار

Last Updated On 23 February,2019 11:32 am

سرینگر: (دنیا نیوز) آرٹیکل 35 اے کی سماعت سے قبل بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں کریک ڈاؤن کرتے ہوئے یاسین ملک سمیت متعدد کشمیری رہنماؤں کو گرفتار کرلیا، احتجاج سے بچنے کیلئے وادی میں مزید فوج بھیج دی گئی۔

بھارتی سپریم کورٹ میں آرٹیکل 35 اے کی سماعت پیر کو ہوگی۔ سماعت سے پہلے بھارت نے وادی کو چھاؤنی میں بدل دیا۔ وزارت داخلہ کے حکم پر سیکڑوں مزید بھارتی پولیس اور نیم فوجی دستے تعینات کر دیئے گئے۔ احتجاج کے پیش نظر بھارتی پولیس نے یاسین ملک سمیت متعدد کشمیری رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔

سری نگر سمیت مختلف اضلاع میں پولیس اور فوجی دستے ہائی الرٹ ہیں، آرٹیکل 35 اے کے مطابق کوئی شخص صرف اسی صورت میں جموں کشمیر کا شہری ہو سکتا ہے اگر وہ یہاں پیدا ہوا ہو، کسی بھی دوسری ریاست کا شہری جموں کشمیر میں جائیداد نہیں خرید سکتا اور نہ ہی یہاں کا مستقل شہری بن سکتا ہے۔