نئی دہلی: (خبر رساں ایجنسی) بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر اروند سنہا نے گولی مار کر خودکشی کر لی۔ 43 سالہ اعلی افسر نے سرکاری رہائشگاہ پر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا تاہم واقعے کی وجوہات کا علم نہ ہو سکا۔
اروند سنہا ونگ کمانڈر ہونے کے ساتھ بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان بھی تھے۔ انکی اہلیہ پوجا کے مطابق اروند پیشہ وارانہ امور کے حوالے سے دباو کا شکار تھے۔ دوسری جانب انسپکٹر دھمن جنج نے دعوی کیا کہ ونگ کمانڈر نے گھریلو پریشانیوں کے باعث خودکشی کی۔
بھارتی فضائیہ کے اعلی افسر نے عین اس روز خودکشی کی جس دن انڈین ائیرفورس کے طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تاہم پاکستانی طیاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انھیں مار بھگایا۔
خطے میں پاک بھارت تنازع کے سبب کشیدگی عروج پر ہے، وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جس میں وزیرخارجہ شام محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سمیت سروسز چیفس، انٹیلی جنس ایجنسیز کے سربراہان اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اس اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور علاقائی خودمختاری کے تحفظ کے پیش نظر بھارت کو جارحیت کا جواب ضرور دے گا تاہم مقام اور وقت کا تعین اب پاکستانی قیادت پر منحصر ہے۔