کشمیر میں اخبارات نے بطور احتجاج سرورق خالی چھوڑ دیا

Last Updated On 10 March,2019 05:45 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) مودی سرکار کی میڈیا کا گلا گھونٹنے کے خلاف کشمیر میں اخبارات نے بطور احتجاج سرورق خالی چھوڑ دیا۔ پلوامہ حملے کے بعد مودی سرکار نے دو اخبارات کے اشتہارات بند کر دیے تھے۔

دوسری طرف حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو جھوٹے مقدمہ میں ملوث کرنے کی کوشش کے خلاف وادی بھر میں احتجاج کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کے طور پر اخبارات نے فرنٹ پیج خالی چھوڑ دیا۔

مودی حکومت نے پلوامہ حملے کے بعد،، کشمیر یوں کی آواز دبانے کے لیے دو بڑے اخبارات گریٹر کشمیر اور کشمیر ریڈر کے اشتہارات بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

دوسری طرف میر واعظ عمر فاروق کی تحقیقات کے لیے نئی دہلی طلبی کے خلاف سرینگر میں ہڑتال کی گئی۔ حریت رہنما پر بے بنیاد الزام لگایا گیا ہے کہ ان کے گھر سے چالیس فٹ انٹینا برآمد ہوا جسکے ذریعہ وہ پاکستان میں رابطے میں رہتے تھے۔

ادھر شوپیاں میں بھارتی فوج کی جانب سے ہراساں کیے جانے کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج کیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج جوانوں پر تشدد کرتی ہے، موبائل فون چھین لیتی ہے اور شناختی کارڈ دیکھنے کے بہانے ہراساں کرتی ہے۔