مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج نے پلوامہ میں مزید دو نوجوان شہید کر دیئے

Last Updated On 11 March,2019 09:36 am

سری نگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ وادی میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاریہے ، پلواما میں مزید دو کشمیریوں کو شہید کردیا گیا۔ میرواعظ عمر فاروق کی جھوٹے مقدمے میں آج نئی دہلی طلبی پر بھی وادی میں احتجاج ہوا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت جاری، پلواما میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران اندھا دھند فائرنگ کر کے دو کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا۔ میرواعظ عمر فاروق اور سید علی گیلانی کوجھوٹے مقدمے میں آج نئی دہلی طلب کیا گیا ہے۔ طلبی کے خلاف وادی میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ حریت رہنما پر بے بنیا د الزام لگایا گیا ہے کہ انکے گھر سے چالیس فٹ انٹینا برآمد ہوا جسکے ذریعہ وہ پاکستان میں رابطے میں رہتے تھے۔

کٹھ پتلی انتظامیہ کی جانب سے اشتہارات بند کرنے پر گزشتہ روز وادی کے تمام بڑے اخبارات نے فرنٹ پیج احتجاجاَ خالی چھوڑ دیا تھا۔ کشمیریوں کی جدوجہد کے سامنے بھارتی الیکشن کمیشن بھی ریاستی انتخابات سے پیچھے ہٹ گیا، صدر راج برقرار رہے گا، مقبوضہ کشمیر میں صرف لوک سبھا کی چھ سیٹوں پر انتخابات ہو گا۔