پلوامہ حملہ: بھارت کا ایک اورجھوٹ بےنقاب، نیا "ماسٹرمائنڈ" دریافت کر لیا

Last Updated On 11 March,2019 01:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت نے پلوامہ حملے کا ایک اور "ماسٹر مائنڈ" دریافت کر لیا، اس سے قبل بھارت نے پلوامہ حملے کا ماسٹر مائنڈ غازی رشید کو قرار دیا تھا جو کچھ سال قبل وفات پا چکے ہیں۔ اس طرح پاکستان پر مسلسل الزامات پر مبنی یہ بھارتی جھوٹ بھی بے نقاب ہو گیا ہے۔

پلوامہ حملے پر بھارتی حکومت کا ایک کے بعد ایک جھوٹ بے نقاب ہونے لگا، بھارتی حکومت پلوامہ حملے کا نیا "ماسٹر مائنڈ" سامنے لے آئی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مدثر احمد خان عرف محمد بھائی پلوامہ حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے، بھارت نے اس سے پہلے مرحوم غازی رشید کو ماسٹر مائنڈ قرار دیا تھا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 23 سالہ محمد بھائی گریجوایٹ اور الیکٹریشن ہے اسی نے گاڑی اور دھماکا خیز مواد کا انتظام کیا، وہ جنوری 2018ء سے گھر سے لاپتہ تھا۔ سی آر پی ایف کے قافلے پر حملہ کرنے والا عادل ڈار محمد بھائی سے رابطے میں تھا۔ وہ سنجوان فوجی کیمپ سمیت مختلف حملوں میں بھی ملوث رہا۔

بھارت نے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر دھرنے کے بعد نیا دریافت شدہ مبینہ ماسٹر مائنڈ مقامی کشمیری اور پلوامہ کا رہائشی نکال لیا۔ پاکستان اس سے قبل کہتا رہا ہے کہ اس معاملے میں ملوث نہیں، بھارت ثبوت مہیا کرے تو تحقیقات کیلئے تیار ہیں۔ تاہم بھارتی حکومت اور میڈیا نے پہلے دن سے پلوامہ حملے کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھا اور اب دھماکہ کرنے والے مبینہ ملزم کے بعد ماسٹر مائنڈ بھی مقبوضہ کشمیر سے مل گیا ہے۔ یہ بات ہمسایہ ملک کو اب سمجھ لینی چاہیے کہ بھارتی حکومت ہر واقعے پر جھوٹ کی گردان شروع کرنے سے پہلے تحقیقات کرے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت بھی کشمیری جدوجہد آزادی کا حق رکھتے ہیں، بھارتی فوج کے ہاتھوں عصمت دریاں اور کشمیری نوجوانوں پر مظالم مقامی آبادی کو عملی جدوجہد پر مجبور کر رہے ہیں۔