تہران: (دنیا نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی نے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کے امریکی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا داعش کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کرتا رہا ہے۔ دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کا بھی امریکی فیصلہ پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زور زبردستی کی سیاست نہیں چل سکتی۔
امریکی صدر حسن روحانی کا پاسداران انقلاب کو بلیک لسٹ کرنے کے امریکی فیصلے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا کون ہوتا ہے جو ایک ملک کے انقلابی ادارے کو دہشت گرد قرار دے۔
عوام سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا خود دہشت گردوں کی قیادت کرتا ہے۔ سب جانتے ہیں کہ کس نے داعش کو اپنے مفادات کے لیے استعمال کیا بلکہ امریکا نے ابھی بھی داعش کے کئی رہنماؤں کو چھپایا ہوا ہے۔
ادھر چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا بھی امریکی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ زور زبردستی اور دھمکی کی سیاست نہیں چل سکتی۔ مشرق وسطیٰ سے باہر کے ممالک کو ایسے اقدامات اٹھانے سے بعض رہنا چاہیے جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔