وینزویلا کے منتخب صدر کو فوجی بغاوت کے ذریعے ہٹانے کا منصوبہ

Last Updated On 02 May,2019 11:33 am

کراکس: (دنیا نیوز) وینزویلا کے منتخب صدر نکولس مڈورو کو فوجی بغاوت کے ذریعہ ہٹانے کے لیے منصوبہ تیار کر لیا گیا۔ اپوزیشن رہنما گوائیڈو نے جاری کردہ ویڈیو میں فوج کو بغاوت کے لیے اکسایا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور نائب صدر مائیک پینس نے فوجی بغاوت کی حمایت کا اعلان کر دیا جبکہ آئینی صدر نکولس مڈورو کا کہنا ہے کہ فوج ملک کے آئین کے ساتھ وفادار ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمہوریت کے سب سے بڑے دعویدار امریکا نے فوجی بغاوت کے ذریعہ وینزویلا کی منتخب حکومت کو گرانے کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

نام نہاد اپوزیشن رہنما جان گوائیڈو نے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں وینزویلا کی فوج کو صدر نکولس مدورو کے خلاف فوجی بغاوت کرنے کے لیے اکسایا گیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹویٹ کیا کہ وینزویلا کے عبوری صدر جان گوائیڈو کی جانب سے آپریشن لبرٹاڈ کے آغاز کی امریکا بھرپور حمایت کرتا ہے جبکہ امریکی نائب صدر نے بھی فوجی بغاوت کے حق میں ٹویٹ کر ڈالی جس کے بعد دارالحکومت کراکس میں حکومت اور اپوزیشن کے حامی آمنے سامنے آگئے۔

ادھر وینزویلا کے آئینی صدر نکولس مڈورو کا کہنا تھا کہ انہوں نے تمام فوجی کمانڈرز سے بات کی ہے۔ سب آئین کے ساتھ وفادار ہیں۔ حکومت کے اعصاب آہنی ہیں اور سب مل کر فوجی بغاوت کو شکست دیں گے۔