نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں چھٹے مرحلے کے انتخابات میں سات ریاستوں میں پولنگ ہوئی۔ انسٹھ نشستوں پر عوام نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ چند مقامات پر ناخوشگوار واقعات بھی سامنے آؕئے۔
بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے چھٹے مرحلے میں 7 ریاستوں کی 59 نشستوں پر عوام نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ اتر پردیش میں 14، ہریانہ میں 10، بہار، مدھیہ پردیش اور مغربی بنگال میں آٹھ آٹھ، دلی میں 7 اور جھارکھنڈ میں 4 سیٹوں کیلئے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔
ایک لاکھ تیرہ ہزار پولنگ سٹیشنز میں دس کروڑ سے زیادہ ووٹرز نے اپنے پسندیدہ نمائندوں کو ووٹ ڈالے۔
انتخابات کے دوران چند ناخوشگوار واقعات بھی دیکھنے میں آئے۔ مغربی بنگال میں بی جے پی اور ترینامول کانگریس پارٹی کے ورکرز کے درمیان تصادم ہوا۔
بھارتی پولیس نے کئی افراد پر لاٹھیاں برسا دیں۔ مختلف واقعات میں 2 افراد زخمی جبکہ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
انتخابات کا آخری مرحلہ 19 مئی کو ہوگا جبکہ 7 مراحل پر مشتمل انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔