لاہور: (دنیا نیوز) بین الاقوامی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں تشدد کا نشانہ بننے والے 70 فیصد افراد عام شہری ہیں جنہیں کرنٹ لگا کر، لوہے کے راڈ سے مار کر اور جلانے سمیت مختلف طریقوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
مقبوضہ وادی میں قابض فوج کے مظالم پر مبنی رپورٹ "ٹارچر: انڈیا سٹیٹ انسٹرومنٹ آف کنٹرول ان انڈیا ایڈمنسٹرڈ جموں اینڈ کشمیر" میں بین الاقوامی میڈیا بھی پھٹ پڑا۔ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وادی میں بھارتی فوج کے ظلم کا نشانہ بننے والے ستر فیصد افراد عام شہری ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کئی دہائیوں سے جاری اس ظلم وستم میں شہریوں پرمختلف طریقوں سے تشدد کیا جاتا ہے جن میں عریاں حراست میں لینا، آئرن راڈ، لیدر بیلٹ اور ڈنڈوں سے مارنا، زمین پر گھسیٹنا، پانی میں غوطے دینا، کرنٹ لگانا، چھت سے لٹکانا اور جسم کو جلانا شامل ہیں۔
رپورٹ میں چار سو بتیس مختلف کیسز کا جائزہ لیا گیا جن میں تین سو ایک افراد خواتین، طلباء، سیاسی کارکن، ہیومن رائٹس کارکن اور صحافیوں سمیت عام شہری شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تشدد اور جنسی ہراساں کرنا عام ہے۔