تھائی لینڈ: بادشاہ نے محافظ حسینہ کو اعلیٰ شاہی عہدہ دیدیا

Last Updated On 28 August,2019 01:54 pm

بنکاک: (روزنامہ دنیا) تھائی لینڈ کے بادشاہ نے خوبرو خاتون محافظ کو اعلیٰ ترین شاہی عہدہ دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بادشاہ ماہا وجیرالونگ کورن نے 34 سالہ سنینات ونگوجری پکدے کو اچھی خدمات پررواں سال 26 جولائی کو اپنی 67 ویں سالگرہ پر اعلیٰ شاہی عہدے پر فائز کیا تھا۔ جنرل کاعہدہ رکھنے والی سنینات ونگوجری پکدے کو بادشاہ نے ولی عہد جیسے مرتبے سے نوازا ہے اور یہ عہدہ تھائی لینڈ میں 100 سال بعد کسی خاتون کے حصے میں آیا ہے۔

1985 میں پیدا ہونے والی سنینات نے 2008 میں نرسنگ میں گریجویشن کیا بعد ازاں جنگی پائلٹ کی تعلیم حاصل کی۔ ان کو شاہی محافظ کی پیشہ وارانہ خدمات کے عوض توجہ حاصل رہی اور وہ بادشاہ کی قابل بھروسہ اور قریبی محافظ خواتین میں سے ایک گردانی جاتی رہیں۔