امریکا جس ملک میں گیا وہاں دہشت گردی پھیلی: حسن روحانی

Last Updated On 25 September,2019 06:43 pm

نیو یارک: (دنیا نیوز) ایران کے صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ امریکا جہاں جاتا ہے اس ملک میں دہشت گردی پھیل جاتی ہے۔

 

امریکی چینل فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر تعجب ہے، ہم نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ہے۔ مشرق وسطی میں پھیلنے والی دہشتگردی کے پیچھے ہمارا کوئی کردار نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران دنیا میں دہشتگردوں کو سپورٹ کرنیوالا نمبر ون ملک ہے: ٹرمپ

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ میں واضح بتانا چاہتا ہوں کہ مشرق وسطیٰ میں دہشت گردی ایران نے نہیں بلکہ امریکا نے فروغ دی، ہمارے ریجن میں جو دہشت گردی پھیل رہی ہے اس کے پیچھے واشنگٹن ہے، جس کی مثال شامی حکومت کی اجازت کے بغیر وہاں امریکی موجودگی ہے۔

انٹرویو کے دوران حسن روحانی کا مزید کہنا تھا کہ اقتصادی پابندیوں کے ذریعہ عوام کو ضروری ادویات سے محروم کرنا دہشت گردی ہے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران دنیا میں دہشتگردوں کو سپورٹ کرنے والا نمبر ون ملک ہے۔ تہران کو دوسرے ممالک کو دھمکیاں دینا بند کرنا ہونگی، سعودی آئل تنصیبات پر حملے کے نتیجے پر پابندیاں لگائیں، جب تک ایران اپنا رویہ نہیں بدلتا یہ پابندیاں نہیں اٹھائی جائینگی۔