چین جوبائیڈن کیخلاف تفتیش شروع کرے: ڈونلڈ ٹرمپ

Last Updated On 04 October,2019 06:32 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ چین سابق صدر باراک اوباما کے دور میں نائب صدر کے منصب پر فائز ہونے والے جوبائیڈن کیخلاف تفتیش شروع کرے۔

امریکی ایوان نمائندگی کی سپیکر نینسی پلوسی کی جانب سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا اعلان کے بعد امریکی سیاست میں کشیدگی آئی ہوئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس کے اعلان کی مذمت کرتا ہوں اور انہوں نے تحقیقات کو گند قرار دیدیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں چین سے مطالبہ کرتا ہوں کہ جو بائیڈن اور ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف تفتیشی عمل شروع کیا جائے۔ ٹرمپ نے چینی صدر شی جنگ پنگ سے براہ راست مطالبہ نہیں کیا تاہم کہا ہے کہ چین کو تفتیش شروع کرنا چاہیے۔ اس سے قبل ٹرمپ یوکرائنی صدر وولوودومیر زیلنسکی سے بھی سابق امریکی نائب صدر اور اُن کے بیٹے کے خلاف تفتیشی عمل شروع کرنے کا کہہ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سپیکر امریکی ایوان نمائندگان نینسی پلوسی کا صدر ٹرمپ کے مواخذے کا اعلان

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے یوکرائنی ہم منصب کے ساتھ کی جانے والی گفتگو کا دفاع بھی کیا اور کہا کہ دوسرے ممالک سے بھی جو بائیڈن کے خلاف تفتیش کے مطالبات کر سکتا ہوں۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ میری ڈیوٹی ہے اور حق ہے کہ ملک کے اندر ہونے والی کسی بھی کرپشن کے خلاف تفتیش کرائیں۔

اسی دوران نائب صدر مائیک پینس نے بھی اپنے صدر کی حمایت میں سامنے آتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی عوام کا حق ہے کہ کسی بھی غلط کام کے بارے میں تفصیل جان سکیں۔

یاد رہے کہ ٹرمپ کی اپنے یوکرائنی ہم منصب کے ساتھ ہونے والی ٹیلی فون گفتگو کی اطلاع امریکی انٹیلیجنس اہلکار نے دی تھی۔ تفصیلات کے سامنے آنے کے بعد امریکی ایوانِ نمائندگان میں ٹرمپ کے مواخذے کے حوالے سے ابتدائی تفتیشی عمل شروع ہو چکا ہے۔

ٹرمپ کے جو بائیڈن کے خلاف تفتیش کرانے کی شدت کے حوالے سے ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاستدان کی انتخابی مہم کے چیرمین کا کہنا ہے کہ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ ٹرمپ اگلے برس کے الیکشن میں جو بائیڈن کے مقابلے سے گبھرائے ہوئے ہیں۔ جو بائیڈن اس وقت ڈیموکریٹک پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کے حوالے سے سب سے فیورٹ امیدوار دکھائی دیتے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے چین سے مطالبہ کے جوبائیڈن نے ٹویٹر پر امریکی صدر کو جواب دے کر کہا کہ تحقیقات کرا کر آپ دوبارہ الیکشن نہیں جیت سکتے۔اپنے آپ عہدے اور آفس کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔