ریاض: (ویب ڈیسک) میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکام اس ویزے کے طریقہ کار اور ضابطوں پر غور کر رہے ہیں، بہت جلد اس کا اعلان کیا جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب ناصرف سعودی شہری بلکہ مملکت میں رہائش پذیر غیر ملکی بھی اپنے رشتہ داروں اور عزیز واقارب کو آن لائن سسٹم ’ابشر‘ کے ذریعے سال میں 3 سے 5 افراد کو ’میزبان ویزہ‘ جاری کر سکتے ہیں۔
میزبان ویزے پر آنے والے غیر ملکی سعودی عرب میں 90 دن تک قیام کر سکیں گے۔ انھیں سعودی عرب میں نقل وحرکت کی آزادی ہوگی۔ اس ویزا کی فیس 500 ریال رکھی گئی ہے۔
طریقہ کار کے مطابق سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی میزبان ویزہ کے لیے آن لائن سسٹم سے رجوع کرے گا، اسے کسی محکمے کے دفتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ویزے پر آنے والا شخص مملکت بھر میں جہاں چاہے جاسکتا ہے۔ اسے سیاحتی مقامات کی سیر کرنے کی بھی اجازت ہوگی۔
میزبان ویزہ سعودی شہریوں کے شناختی کارڈ جبکہ غیرملکی کے اقامے پر جاری ہوگا۔ ویزے کی میعاد ختم ہونے پر آنے والے شخص کو واپس جانا ہوگا۔ ویزہ جاری کرنے والے اپنے مہمانوں کا مکمل ذمہ دار ہونگے۔