ہانگ کانگ: (دنیا نیوز) ہانگ کانگ میں دوسرے روز بھی تصادم جاری، سیکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان زبردست جھڑپیں ہوئیں۔ پولیس کے مطابق مظاہرین پٹرول بم پھینک کر املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، دوسری جانب پولیس پر مظاہرین پر فائرنگ کا الزام ہے۔
پولیس اہلکار پوری طرح تیار تو مظاہرین بھی احتجاج کیلئے پورا پورا انتظام کر رہے ہیں، ہانگ کانگ کی سڑکوں پر آنے والے نوجوان اینٹیں توڑ کر بنائے گئے پتھر پولیس پر برساتے ہیں تو پولیس کی جانب سے مظاہرین پر آنسوگیس کے گولے پھینکے جاتے ہیں۔
پولیس کا الزام ہے کہ مظاہرین پٹرول بموں کا استعمال کر کے سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچانے میں ملوث ہے، کئی جگہوں پر آگ لگانے کے واقعات بھی پیش آئے۔ دوسری جانب مظاہرین کا پولیس پر الزام ہے کہ احتجاج کرنے والے نوجواںوں پر سیدھی فائرنگ کی گئی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز سے جاری پرتشدد مظاہروں میں 260 سے زائد افراد گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ جون سے اب تک 3 ہزار سے زیادہ افراد زیرحراست ہیں۔