بھارتی حکومت کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھیانک منصوبہ سامنے آ گیا

Last Updated On 27 November,2019 07:00 pm

نیو یارک: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی حکومت کا بھیانک منصوبہ سامنے آنے لگا، نیو یارک میں بھارتی قونصل جنرل سندیپ چکرا وتی نے ہندوؤں کو کشمیر میں بسانے کا اعلان کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دنیا بھر میں پاکستان صدائیں دے رہا ہے کہ پانچ اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد بھارت وادی میں قبضہ جمانے کے لیے مختلف طریقے اپنا رہا ہے، اسی کی تصدیق اب ایک نیو یارک میں بھارتی قونصل جنرل کے بیان سے سامنے آئی ہے۔

نیو یارک میں بھارتی قونصل جنرل سندیپ چکراوتی نے کشمیری ہندوؤں سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کے ماڈل پر عمل کرتے ہوئے ہندوؤں کو کشمیر میں بسایاجائے گا،کشمیری ثقافت ہندو ثقافت ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 100 سے زائد دن سے مقبوضہ کشمیر کو محصور کر رکھا ہے اور طاقتور ممالک اپنے تجارتی مفاد کے باعث خاموش ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے امریکا میں بھارتی قونصل جنرل کے کشمیرمیں اسرائیلی ماڈل لانے کے بیان پرردعمل میں کہا کہ اسرائیلی ماڈل لانے کا بیان بھارتی حکومت کی فسطائی سوچ کی عکاسی ہے۔ کشمیریوں کے انسانی حقوق کی بدترین پامالی ہورہی ہے۔

 

نیو یارک میں بھارتی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ جب اسرائیل یہودیوں کو انکی زمین پر دوبارہ بسا سکتا ہے تو ہم بھی ایسا کر سکتے ہیں، امید ہے ہم زندگی میں ہی اپنی زمین واپس لیں گے، لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ بھارت سرکار نے اتنا بڑا بین الاقوامی رسک صرف قانون میں تبدیلی کے لئے نہیں لیا۔

سندیپ چکرا وتی کا کہنا تھا کہ ہمیں باریکی سے سمجھنا چاہیے کہ بھارت سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں یہ اقدام کیوں اٹھایا۔