بھارت میں شہریت کےمتنازع قانون کیخلاف مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی

Last Updated On 23 December,2019 03:28 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی، ساڑھے پانچ ہزار افراد زیر حراست ہیں، سات سو کو جیل بھیج دیا گیا۔ جھاڑ کنڈ میں ہونے والے الیکشن میں بی جے پی کو شکست کا سامنا ہے، بھارتی وزیراعظم کی گزشتہ روز تقریر کے بعد بھارت میں "میرا پی ایم جھوٹا ہے" سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بن گیا۔

بھارت میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں 28 افراد ہلاک ہو گئے، ساڑھے پانچ ہزار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ سات سو کو جیل بھیج دیا گیا۔

سب سے زیادہ ہلاکتیں اتر پردیش میں ہوئیں جہاں اٹھارہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں زیادہ مسلمان نوجوان ہیں جن کی موت پولیس کی گولی لگنے سے ہوئی۔

بھارتی فورسز طاقت کے زور پر احتجاج روکنے کی کوشش کر رہی ہیں، مظاہرین کو گرفتارکرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سوشل میڈیا پر ایمنسٹی انڈیا نے نریندر مودی کے جھوٹ کا پول کھول دیا۔ ایمنسٹی انڈیا نے حراستی مرکز کی ویڈیو جاری کر دی۔

بھارتی وزیراعظم نے گزشتہ روز تقریر کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت میں کوئی حراستی مرکز نہیں ہے۔ بھارت میں" میرا پی ایم جھوٹا ہے" سوشل میڈیا پرٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

مودی کی متنازع پالیسیاں بی جے پی کے لیے خطرہ بننے لگیں، جھاڑ کھنڈ میں ہونے والے انتخابات میں حکمران جماعت کو شکست کا سامنا ہے، کانگریس اور جے ایم ایم کا اتحاد لیڈ کررہا ہے۔

 

Advertisement