واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ایوان نمائندگان میں ڈونلڈٹرمپ کےخلاف مواخذے کی قرارداد منظور کر لی گئی، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر نے اختیارات سے تجاوز کیا، منظوری کے بعد ٹرمپ مواخذے کا سامنا کرنے والے تیسرے امریکی صدر بن گئے ہیں۔
ایوان نمائندگان میں ہونے والی ووٹنگ میں مواخذے کی قرارداد منظوری کر لی گئی۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدرنے اختیارات سے تجاوز کیا۔
امریکی صدر پر الزامات ہیں کہ انھوں نے یوکرینی حکام پر ذاتی سیاسی مفادات حاصل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا اور کانگریس کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔ ٹرمپ کی پارٹی کے ایک رکن نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کےخلاف ووٹ نہیں دیا۔
ووٹنگ کے عمل کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ امریکی ریاست مشی گن میں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر ٹرمپ کی برطرفی کے لیے سینیٹ کی دو تہائی اکثریت کو ان کے خلاف ووٹ دینا ہو گا لیکن ایسا ہونے کا امکان بہت کم ہے۔ سینیٹ میں ڈیموکریٹس کودوتہائی اکثریت حاصل نہیں۔