بغداد: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عراق میں امریکی سفارت خانے پر حملے کی منصوبہ سازی کا الزام ایران پر عائد کیا ہے۔
ٹرمپ کے بقول ایران نے ایک امریکی اہلکار کو ہلاک کیا اور کئی کو زخمی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر سخت امریکی ردعمل سامنے آئے گا۔ ان کے مطابق اب ایران بغداد میں امریکی سفارت خانے پر حملے کا ذمہ دار بھی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر عراقی حکام سے سفارت خانے کی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔ امریکا نے ابھی ہفتے کے روز ہی عراق اور شام میں ایران نواز جنگجوؤں پر فضائی حملے کیے تھے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ایران نے ایک امریکی کانٹریکٹر کو ہلاک کیا اور کئی کو زخمی کردیا۔ ہم نے بھرپور جواب دیا اور ہمیشہ دیں گے۔ اب عراق میں امریکی سفارتخانے پر حملے کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔ اسے پوری طرح ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ عراق اپنی فورسز کے ذریعے سفارتخانے کی حفاظت کرے گا۔
خیال رہے کہ عراق کے شہر بغداد میں منگل کو ہزاروں مظاہرین اور ملیشیا کے جنگجوؤں نے امریکی سفارتخانے کے باہر جمع ہو کر پرتشدد احتجاج کیا اور اطلاعات کے مطابق مظاہرین سفارت خانے کے احاطے میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ا جب مظاہرین نے سفارت خانے کی بیرونی دیوار عبور کی تو اندر تعینات امریکی فوجیوں نے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ اس کے علاوہ ایک گارڈ ٹاور کو بھی بظاہر نذرِ آتش کر دیا گیا ہے۔