لندن: (دنیا نیوز) کورونا وائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم بورس جانسن دوسری رات بھی انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل رہے جہاں انہیں آکسیجن دی جاتی رہی، برطانوی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بورس جانسن کی صحت میں قدرے بہتری آئی ہے۔
کورونا وائرس میں مبتلا برطانوی وزیراعظم دوسری رات بھی آئی سی یو میں بسر کی، برطانوی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بورس جانسن کی صحت میں قدرے بہتری آنے لگی ہے، آئی سی یو میں انہیں آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ بورس جانسن کو اب تک وینٹی لیٹر پر نہیں رکھا گیا، وہ مشینی مدد کے بغیر سانس لے رہے ہیں۔
55 سالہ بورس جانسن کو تیز بخار اور کھانسی کے بعد لندن کے سینٹ تھامس ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انکی حالت بگڑنے پر انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا۔ بورس جانسن نے 27 مارچ کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا تھا۔
لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ برطانیہ موجودہ صورتحال میں لاک ڈاؤن ختم نہیں کر سکتا، ایک ہفتے بعد ملک میں وبا زوروں پر جائے گی۔