لندن: (دنیا نیوز) کورونا سے دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی، متاثرین کی تعداد 17 لاکھ کے قریب پہنچ گئی، عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ لاک ڈاؤن جلدی ہٹایا گیا تو کورونا کی وبا تباہ کن حد تک دوبارہ نمودار ہوسکتی ہے۔
اٹلی میں کورونا سے 18 ہزار 849 افراد جان کی بازی ہار گئے، سپین میں عالمی وبا سے 16 ہزار 81 افراد ہلاک ہوگئے۔ فرانس میں کورونا سے ہلاکتیں 13 ہزار 197 تک جا پہنچی۔ برطانیہ میں کورونا سے 8 ہزار 958 افراد ہلاک ہوگئے۔ کورونا کا شکار برطانوی وزیراعظم کی حالت خطرے باہر ہے، بورس جانسن کو جنرل وارڈ میں شفٹ کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے پیش نظر ترکی نے اپنے 31 شہروں میں دو دن کا کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ اٹلی کے وزیراعظم نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں 3 مئی تک توسیع کر دی ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر لاک ڈاؤن جیسی پابندیاں جلدی ہٹا لی گئیں تو کورونا وائرس کی وبا تبا کن حد تک دوبارہ نمودارہو سکتی ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا ہے کہ تمام ممالک کو پابندیوں میں نرمی لانے کے بارے میں احتیاط برتنی چاہیے۔