طالبان نے افغان حکومت کے 20 قیدیوں کو رہا کر دیا

Last Updated On 13 April,2020 03:46 pm

کابل: (دنیا نیوز) ترجمان طالبان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت کے 20 قیدیوں کو قندھار میں حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ افغانستان حکومت کی جانب سے 100 قیدی رہا کیے جانے کے بعد افغان طالبان نے بھی کابل انتظامیہ کے 20 قیدی رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ آج امارت اسلامیہ افغانستان، کابل انتظامیہ کے 20 قیدیوں کو رہا کرے گی اور انہیں قندھار میں انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس (آئی آر سی آر) کے حوالے کیا جائے گا۔

دوسری جانب افغان حکام نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں کہا تھا کہ ان قیدیوں کو افغانستان کے صدر اشرف غنی کے 11 مارچ کے احکامات کے روشنی میں رہا کیا گیا۔ رہائی پانے والے قیدی اس فہرست کا حصہ ہیں جو طالبان کے تکنیکی وفد نے کابل میں افغانستان حکومت کے وفد کے ساتھ شیئر کی اور جو اجلاس میں بھی زیر بحث رہی تھی۔

خیال رہے کہ29 فروری 2020ء کو دوحہ میں امریکا اور طالبان کے درمیان ایک تاریخی معاہدہ ہوا تھا، جس کے بعد یہ امید کی جا رہی ہے کہ اس سے گزشتہ کئی برسوں سے شورش کے شکار ملک افغانستان میں امن کی راہیں کھلیں گی۔