کورونا سے دنیا بھر میں ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد ہلاکتیں، 19 لاکھ 25 ہزار وائرس کا شکار

Last Updated On 14 April,2020 05:33 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) کورونا سے دنیا بھر میں تباہی مچ گئی، مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 699 ہو گئی، 19 لاکھ 25 ہزار 151 افراد متاثر ہیں، عالمی ادارہ صحت کے مطابق صرف ویکسین ہی وائرس کے عالمی پھیلاؤ کو روک سکتی ہے۔

عالمی وبا سے پوری دنیا خطرے میں، عالمی ادارہ صحت نے کورونا کو سوائن فلو سے دس گنازیادہ مہلک قرار دے دیا۔ ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈنوم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف ایک مؤثر ویکسین ہی دنیا بھر میں اس بیماری کی منتقلی کو مکمل طور پر روک سکتی ہے۔

عالمی رابطے سے کورونا کے بار بار سامنے آنے کا خطرہ جاری رہے گا۔ اٹلی میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہزار 465 ہو گئی۔ اسپین میں عالمی وبا سے 17 ہزار 756 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

فرانس میں کورونا سے 14ہزار967، جرمنی میں 3194، برطانیہ میں 11329 افراد ہلاک ہو گئے۔ فرانس کے صدر نے ملک میں جاری لاک ڈاؤن کو 11 مئی تک بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔

روس میں 148 افراد ہلاک اور 18328 افراد کورونا سے متاثر ہیں۔ روسی صدر نے وباکے باعث حالات خراب ہونےکی وجہ سے فوج کی مدد طلب کر لی۔

کورونا سے دنیا بھر میں اب تک چار لاکھ 45 ہزار سترہ افراد صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔
 

Advertisement