وشنگٹن: (دنیانیوز) امریکا میں کورونا سے صورتحال قیامت خیز، ایک روز میں مزید 1951افراد جان کی بازی ہار گئے، کورونا سے 52 ہزار 185 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکا میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، روزانہ سیکڑوں اموات اور نئے کورونا کیسز سامنے آرہے ہیں، 9 لاکھ 25 ہزار 38 افراد کورونا سے متاثر ہیں جبکہ ہزاروں افراد تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں، بحری بیڑے یو ایس ایس کڈ پر تعینات 18 اہلکار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ تیز دھوپ کورونا وائرس کو تیزی سے ختم کرتی ہے، تاہم اس تحقیق پر ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکی ہوم لینڈ سیکورٹی کے سائنس اور ٹیکنالوجی کے مشیر ولیم برائن کا کہنا تھا کہ دھوپ میں موجود بالائے بنفشی شعاعوں کا کورونا وائرس پر زبردست اثر دیکھا گیا ہے، موسم گرما میں وائرس کے پھیلاؤ میں کمی ہو سکتی ہے، تاہم عالمی ادارہ صحت کی عہدے دار ڈاکٹر مارگریٹ ہیرس نے کہا ہے کہ اس نظریے کو ثابت کرنے کے شواہد ناکافی ہیں۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کہ ان کی جانب سے کورونا وائرس کے علاج کے لیے لوگوں کو جراثیم کش محلول کے انجیکشن لگانے اور وائرس کے متاثرین کے علاج میں الٹرا وائلٹ شعاعوں کی مدد لینے کی تجاویز طنزیہ طور پر کہی گئی تھیں۔