دنیا بھر میں کورونا کے وار جاری، ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 285 ہوگئی

Last Updated On 04 May,2020 10:00 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا کے وار جاری، ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 48 ہزار 285 ہوگئی، 35 لاکھ 66 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔

امریکا میں کورونا سے مزید 1154 افراد ہلاک ہوگئے، مرنے والوں کی تعداد 68 ہزار 598 ہوگئی، متاثرین 11 لاکھ 88 ہزار سے زائد ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا کورونا وائرس کے علاج کے لیے ویکسین 2021 سے قبل ہی تیار کر لے گا۔

ادھر امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے چین پر کورونا وائرس کی وبا میں شدت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے پاس دنیا پر نازل ہونے والی اس آفت کو روکنے کا موقع تھا لیکن اس نے معلومات چھپانے اور گمراہ کرنے کی کوشش کی۔

کورونا سے ایک روز میں سپین میں 164 افراد، اٹلی میں 174، برطانیہ میں 315، فرانس میں 135، جرمنی میں 54 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پیرس کے ایک ڈاکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس فرانس میں 27 دسمبر 2019 میں موجود تھا۔

برازیل میں وائرس سے متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ گئی۔ جنوبی کوریا میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد شہریوں نے ساحل، مالز اور ائیرپورٹ کا رخ کرلیا۔ ایران میں 132 علاقوں میں مساجد آج سے کھول دی جائیں گی جبکہ سکول 16 مئی سے کھولے جائیں گے۔

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 11 لاکھ 54 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پوری دنیا میں اس وقت سائنس دان کورونا وائرس کی وبا کے خلاف مدافعتی دوا بنانے کے دوڑ میں لگے ہیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ کوئی بھی دوا بننے کے بعد بڑے پیمانے پر تقسیم کے لیے 2021 تک ہی تیار ہو سکے گی۔
 

Advertisement