واشنگٹن: (دنیا نیوز) کورونا وائرس سے امریکا میں مزید ایک ہزار 422 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد تعداد 80 ہزار 37 ہو گئی، سابق صدر براک اوباما نے کورونا وائرس کے بحران پر ڈونلڈ ٹرمپ کے ردعمل پر کڑی تنقید کی ہے۔
مہلک وائرس نے امریکا کو جکڑ رکھا ہے، مزید ایک ہزار 422 افراد ہلاک ہو گئے۔ سب سے زیادہ 186 افراد ریاست نیویارک میں جان سے گئے، ریاست میساچیوسٹس میں138 افراد لقمہ اجل بنے، متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 48 ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے تجزیے کے مطابق امریکہ میں ایک تہائی اموات کیئر ہومز اور نرسنگ کے مراکز میں ہوئیں، بیماریوں سے بچاؤ کے ادارے نے نرسنگ کے مراکز کو سب سے زیادہ خطرناک قرار دیا ہے۔
سابق امریکی صدر براک اوباما نے کورونا وائرس پر امریکی ردعمل کوتباہ کن قرار دے دیا، امریکی میڈیا کے مطابق یہ بات انہوں نے ایک نجی کال میں کہی۔