لداخ اور سکم کی سرحد پر چینی فوج کی نقل و حرکت، بھارت کے ہاتھ پاؤں پھول گئے

Last Updated On 24 May,2020 10:48 pm

نئی دہلی: (دنیا نیوز) لداخ اور سکم کی سرحد پر چینی فوج کی نقل و حرکت سے بھارت کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چینی فوج زیر زمین بنکرز بنانے مصروف ہے جبکہ کچھ بھارتی فوجیوں کو حراست میں لینے کی بھی اطلاعات آ رہی ہیں۔

تفصیل کے مطابق گھس کر مارنے کی بھڑکیں مارنے والے بھارت کی آج کل بولتی بند ہے، اس کی وجہ سکم اور لداخ کی سرحد پر چینی فوج کی وہ نقل وحرکت ہے جس سے بھارتی فوج اور مودی سرکار کے ہوش اڑ گئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چینی افواج ڈربوک شیوک کی اہم شاہراہ سے صرف 255 کلومیٹر دور ہیں۔ بھارتی عسکری ذرائع کے حوالے سے دی گئی رپورٹ کے مطابق سرحد پر چینی افواج کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

چین فوج زمین دوز بنکر بھی بنا رہی ہے اور گزشتہ دنوں چند بھارتی فوجیوں کو حراست میں لینے اور بعد ازاں چھوڑنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

بہار سے تعلق رکھنے والے جنتا دل کے رہنما شیو آنند تیواری کہتے ہیں کہ پاکستان کو آئے روز دھمکیاں دینے والے مودی اور ان کے سپہ سالار نے اب چپ کا روزہ رکھ لیا ہے۔

بھارتی دفاعی تجزیہ کار کے مطابق 5000 چینی فوج بھارت کے زیر قبضہ علاقے میں گھس گئی ہے۔ بھارتی ٹی وی نے سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے چین کے زیر تعمیر بنکرز بھی دکھا دیے جو اس علاقے میں بن رہے ہیں جہاں اس سے پہلے بھارت قابض تھا۔ لمحہ بہ لمحہ بدلتی صورتحال کے باعث لداخ ٹویٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔
 

Advertisement