دمشق: (ویب ڈیسک) اسرائیل کی فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے شام میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر درجنوں میزائل برسائے جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق حلب میں شامی فوج کی تنصیبات کے نزدیک اسرائیلی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فضائی بمباری کی، یہ حزب اللہ کے ٹھکانوں پر کی گئی جسکے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
شامی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے حلب کے فوجی علاقے میں میزائل داغے جن میں سے اکثر کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا تاہم کچھ میزائل فوجی اڈے کے قریب گرے جس سے جانی نقصان بھی ہوا تاہم اس حملے میں شامی فوجی محفوظ رہے۔
سیریئن آبزرویٹری گروپ نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی حملہ عراقی مسلح تنظیم حزب اللہ کے ٹھکانوں پر کیا گیا جس میں حزاب اللہ کے 7 جنگجو مارے گئے اور درجن بھر زخمی ہیں۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ادھر اسرائیلی فضائیہ کے ترجمان نے اس حملے سے متعلق کسی قسم کے تبصرے سے انکار کردیا ہے۔