فلسطین کے بارے میں موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی: قطر

Published On 21 September,2020 06:13 pm

دوحا: (ویب ڈیسک) قطر نے ، بین الاقوامی فیصلوں کے دائرہ کار میں اسرائیل کے فلسطینی زمین پر قبضے کے خاتمے اور بیت المقدس کے دارالحکومت والی فلسطینی حکومت کے قیام کے معاملے میں، اپنے غیر متزلزل موقف کی تائید کی ہے۔

عرب میڈیا سے بعض ذرائع ابلاغ میں ایک امریکی شخصیت کے حوالے سے شائع کردہ اورقطر کے اسرائیل کے ساتھ بحالی تعلقات کو قبول کرنے سے متعلق دعووں کے بارے میں قطر وزارت خارجہ نے تحریری بیان جاری کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ذرائع ابلاغ میں مسئلہ فلسطین کے بارے میں قطر کے موقف کی غلط عکاسی کرنے اور قطر کے تائثر کو مسخ کرنے پر مبنی گمراہ کُن مہموں کو دیکھنا تکلیف دہ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطین کے بارے میں قطر کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ہم فلسطینی زمین پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور بیت المقدس کے دارالحکومت والی فلسطینی حکومت کے قیام کے بارے میں اپنے مضبوط موقف کی تائید کرتے ہیں۔

مزید کہا گیا ہے کہ جب تک فلسطینی عوام اپنے تمام جائز حقوق حاصل نہیں کر لیتی ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کی تکلیفوں کو کم کرنے کے لئے ہر ممکنہ تعاون کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ عرب میڈیا میں دعوی کیا گیا تھا کہ امریکی نائب وزیر خارجہ برائے خلیجی امور کے مشیر ٹیموتھی لنڈرکنگ نے کہا ہے کہ قطر نے اسرائیل کے ساتھ بحالی تعلقات کے سمجھوتے پر دستخط کی منظوری دے دی ہے۔

لنڈر کنگ کے بیانات میں کہا گیا تھا کہ قطر نے اسرائیل کے ساتھ بحالی تعلقات کو مسترد کر دیا ہے۔ واشنگٹن قطر کے فیصلے کا احترام کرتا ہے تاہم بحالی تعلقات کے بارے میں مذاکرات تاحال جاری ہیں۔
 

Advertisement