کر غزستان میں مظاہروں کے بعد انتخابی نتائج کالعدم قرار دے دیئے گئے

Published On 06 October,2020 10:18 pm

بشکیک: (دنیا نیوز) وسطی ایشیائی ملک کر غزستان میں مظاہروں کے بعد انتخابی نتائج کالعدم قرار دے دئے گئے،، اپوزیشن نے چار اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کو ماننے سے انکار کردیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کرغزستان پر تشدد مظاہروں کی لپیٹ میں ہے، مرکزی الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے نتائج کالعدم قرار دے دیئے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد پارلیمنٹ نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

ادھر مشتعل مظاہرین نے ایوان اقتدار کو نذر آتش کردیا، وائٹ ہاوس کے نام سے معروف 7 منزلہ عمارت میں ایوان صدر اور پارلیمنٹ ہاؤس واقع ہے۔ چار اکتوبر کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد سے ملک بھر میں مظاہروں کا آغاز ہوا۔

صدر سورن بائے کی حمایت یافتہ دو جماعتوں نے الیکشن میں فتح حاصل کی تھی۔ بارہ اپوزیشن جماعتوں نے ووٹ خریدنے کا الزام لگا کر نتائج ماننے سے انکار کردیا۔ مشتعل مظاہرین نے پارلیمنٹ سمیت کئی سرکاری اداروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کی، اس دوران جیل میں قید خطر ناک قیدی بھی بھاگ نکلے۔

فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں 700 افراد زخمی ہوچکے ہیں جبکہ ایک شہری ہلاک ہوا، صدر نے اپوزیشن پر غیر قانون طریقے سے اقتدار پر قبضہ جمانے کی کوشش کا الزام لگایا ہے۔