لیما: (دنیا نیوز) چلی میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آ گئی، دارالحکومت میں نوجوانوں کے احتجاج میں پولیس نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔
لاطینی امریکا کے ملک چلی میں مہنگائی اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف نوجوان مسلسل سراپا احتجاج ہیں۔ دارالحکومت سان تیاگو کی سڑکوں پر نوجوان اور پولیس اہلکار آمنے سامنے آ گئے۔ پولیس نے واٹر کینن اور آنسو گیس کے شیل چلائے جس سے کئی افراد زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے چند نوجوانوں کو حراست میں بھی لے لیا۔
واضح رہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرائیوں میں اضافے پر شروع ہونے والے مظاہرے گزشتہ برس سے جاری ہیں، صدر کی جانب سے عوامی غم و غصہ فرو کرنے کیلئے کابینہ کو برطرف بھی کیا گیا تھا اس کے باوجود بحران ختم نہ ہو سکا۔ حکومت کے خلا ف ان مظاہروں میں 10 لاکھ سے زائد تک افراد شریک ہوتے رہے ہیں۔ حالیہ احتجاج ملک میں بڑھتی معاشی تفریق کے سبب زوروشور سے جاری ہیں، حکومت تمام تر کوششوں کے باوجودمظاہرے روکنے میں ناکام ہے۔