واشنگٹن: (دنیا نیوز) اسرائیل کی حمایت میں امریکا تمام حدود پار کر گیا، امریکی وزیر خارجہ نے فلسطین کی حمایت کی تحریک کو ‘’کینسر’’ قرار دے دیا جبکہ اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کو نسل پرستی کے زمرے میں ڈالنے کا اعلان کیا۔ پہلی بار کسی امریکی وزیر خارجہ نے غیر قانونی یہودی بستیوں کا دورہ کیا ہے۔
تفصیل کے مطابق انسانی حقوق کا پرچار کرنے والے امریکا نے ظالم صہیونی ریاست کی حمایت میں تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ اسرائیل کے دورے پر آئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپو نے فلسطینیوں کی حمایت میں چلنے والی تحریک کو ‘’کینسر’’ قرار دے دیا۔
یہی نہیں، مائیک پومپیو نے فلسطینیوں کا خون بہانے والی ظالم اسرائیلی ریاست کی مصنوعات کے بائیکاٹ کو سرکاری سطح پر نسل پرستی قرار دینے کا اعلان بھی کیا۔ مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم غیر قانونی یہودی بستیوں کا دورہ کرکے مائیک پومپیو نے وہ کام بھی کر ڈالا کیا جو آج سے پہلے کسی امریکی وزیر خارجہ نے نہیں کیا۔ امریکا نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی کمپنیوں کی مصنوعات کو اسرائیلی قرار دینے کا اعلان بھی کیا۔