برطانیہ: کورونا کی نئی قسم سے خوف وہراس، لندن سے نکلنے کیلئے گاڑیوں کی لمبی قطاریں

Published On 21 December,2020 09:06 am

لندن: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کی نئی قسم سے برطانیہ میں خوف وہراس پھیل گیا، لندن سے نکلنے کے لیے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، بارہ ممالک نے سفری پابندیاں عائد کر دیں، صورتحال پر غور کیلئے برطانیہ اور یورپی یونین کے اہم اجلاس آج ہوں گے۔

کورونا وائرس کی نئی قسم نے برطانیہ میں افراتفری پھیلا دی، وائرس کی یہ نئی شکل لندن اور جنوب مشرقی برطانیہ میں تیزی سے پھیل گئی ہے۔ اٹلی میں بھی برطانیہ میں سامنے آنے والے نئی شکل کے کورونا وائرس کے پہلے کیس کی تشخیص ہو گئی۔

برطانی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے کہا ہے کہ نیا وائرس قابو سے باہر ہے، شہریوں اور سیاحوں کی بڑی تعداد لندن چھوڑ رہی ہے۔ ہزاروں افراد ائیر پورٹس، سڑکوں اور ریلوے اسٹیشنز پر پھنس گئے۔ سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، ائیرپورٹس اور ریلوے اسٹیشنز پر رش ہے۔ جرمنی، فرانس، آئرلینڈ، اٹلی، نیدرزلینڈ اور بیلجیئم سمیت بارہ ملکوں نے پروازیں معطل کر دیں۔

زیادہ تر ممالک کی طرف سے یہ پابندیاں ابتدائی طور پر قلیل مدتی ہیں،فرانس نے برطانیہ کے لیے خوراک کی سپلائی بھی معطل کردی۔ آج یورپی یونین کے ہونے والے اجلاس میں مزید مربوط اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ صورتحال پر برطانوی وزیراعظم بورس جانس نے بھی ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں پابندیاں نرم کی تھیں جس سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔
 

Advertisement