نئی دہلی: (اے پی پی) بی جے پی مودی حکومت کا اپنے ہی ملک میں حملے کا منصوبہ پکڑا گیا ہے، کسانوں نے ٹریکٹر مارچ پر حملے کا منصوبہ بنانے والا ٹارگٹ کلر دھر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کسانوں نے مودی سرکار کی بھونڈی سازش کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ کسانوں نے 26 جنوری کو کسانوں کے ٹریکٹر مارچ پر حملے کا منصوبہ بنانے والا ٹارگٹ کلر پکڑ لیا ہے۔
ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس سمیت دس لوگوں کو مقامی ایس ایچ او نے ٹریننگ دی اور ہتھیار بھی دیئے، ان لوگوں نے ٹریکٹر مارچ کے دوران سٹیج پر موجود اہم کسان رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کا ٹاسک دیا گیا تھا۔
ملزم نے کہا کہ ہمارا منصوبہ تھا کہ کسانوں کے ٹریکٹر مارچ میں پولیس کی وردی پہن کر شریک ہو کر انتشار پھیلائیں گے۔ مودی حکومت کی طرف سے متعارف کروائے گئے کالے زرعی قوانین کے خلاف گزشتہ دو ماہ سے بھارت بھر میں کسان سراپا احتجاج ہیں اور اس دوران متعدد کسان خود کشی بھی کر چکے ہیں۔
کسانوں اور مرکزی حکومت کے درمیان مذاکرات کے 11 دور ناکام ہو گئے ہیں، کسان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ مرکزی حکومت کی طرف سے زرعی قوانین واپس لینے تک وہ احتجاج جاری رکھیں گے۔