دوحہ: (ویب ڈیسک) ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اولوسرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے ہیں جہاں امیر قطر شیخ تمیم بن حامد الثانی نے ان کے ساتھ ملاقات کی۔
ٹویٹر پیج سے جاری کردہ بیان میں چاوش اولو نے کہا ہے کہ میں نے صدر رجب طیب اردوان کا سلام امیر قطر شیخ تمیم تک پہنچایا۔ قطر، خلیج بحران سے زیادہ مضبوط ہو کر نکلا ہے۔ اس مرحلے میں ان کی قیادت پر ہم نے شیخ تمیم کو مبارکباد پیش کی۔
چاوش اولو نے اپنے قطری ہم منصب محمد بن عبدالرحمٰن الثانی کے ساتھ بھی ملاقات کی۔ مذاکرات کے بعد منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ ترکی اور قطر کے باہمی تعلقات ہر شعبے میں اور ہر گزرتے دن کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوط اور جامع ہوتے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ دو طرفہ تجارتی حجم اور سرمایہ کاریوں سمیت ہر شعبے میں باہمی تعلقات کے فروغ کے لئے ہم مل کر کام کرنا جاری رکھیں گے۔
وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ ترکی، قطر اور دیگر عرب ممالک کے درمیان حالات کے معمول پر آنے کا خیر مقدم کرتا ہے اور خلیجی علاقے کے استحکام، سلامتی اور خوشحالی کو اپنا استحکام اور خوشحالی سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بحیثیت ترکی ہم ،خواہ علاقے کے تمام ممالک کے ساتھ دو طرفہ شکل میں ہو خواہ خلیج تعاون کونسل جیسے میکانزموں کے ذریعے ہو، اپنے باہمی تعلقات کو مزید آگے لے جانا چاہتے ہیں۔
چاوش اولو نے کہا ہے کہ ترکی اور قطر علاقائی مسائل کے پُر امن حل کے لئے بھی ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کر رہے ہیں۔