دنیا کا امیر ترین شخص کون، فوربز میگزین نے فہرست جاری کردی

Published On 06 April,2021 09:18 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) فوربز میگزین نے 2021ء کے ارب پتیوں کی فہرست جاری کردی۔ جیف بیزوس 177 ارب ڈالرز کے ساتھ سرفہرست ہیں، ایلن مسک 31 ویں نمبر سے چھلانگ لگا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے، امریکا بدستور سب سے زیادہ ارب پتیوں کی سرزمین ہے، چین دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

دنیا کا امیر ترین شخص کون، فوربز میگزین نے ارب پتی افراد کی فہرست جاری کردی۔ ایمیزون کے مالک جیف بیزوس 177 ارب ڈالرز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں۔ ٹیسلا اور سپیس ایکس کے بانی نے لمبی چھلانگ لگائی ہے۔ گزشتہ سال 31 ویں نمبر پر موجود ایلن مسک 2021 میں 151 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دوسرے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ برنرٹ آرنالٹ 150 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجماں ہیں۔

مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس چوتھے امیر ترین شخص قرار پائے جن کے اثاثوں کی مالیت کا تخمینہ 124 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے، فیس بک کے بانی مارک زکربرگ 97 ارب ڈالرز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔

فوربز میگزین کے مطابق گزشتہ ایک برس میں 493 نئے ارب پتی منظر عام پر آئے۔ 210 نئے ارب پتی افرادکا تعلق چین اور ہانگ کانگ سے ہے جبکہ 98 امریکی شہری ہیں، امریکا سب سے زیادہ ارب پتیوں کی سرزمین ہے، جہاں 724 ارب پتی رہائش پزیر ہیں۔ چین 626 ارب پتیوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور بھارت 140 ارب پتی شہریوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

Advertisement