امریکا نے روس پر انتخابات میں مداخلت کا الزام لگا کرپابندیاں عائد کر دیں

Published On 16 April,2021 09:45 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے روس پر انتخابات میں مداخلت کا الزام لگا کرپابندیاں عائد کر دیں، امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ روس نے چھیڑ چھاڑ برقرار رکھی تو مزید پابندیاں لگائیں گے۔ روس نے کہا ہے کہ واشنگٹن کی پابندیوں کا جارحانہ جواب دیا جائے گا۔

امریکا نے روس پر نئی پابندیاں لگا دیں، صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ روس ان کے جمہوری نظام میں مداخلت سے بازرہے۔ روس نے چھیڑ چھاڑ برقرار رکھی تو مزید پابندیاں لگائیں گے۔ امریکا نے درجنوں روسی سفارتکاروں اور آفیشلز پر پابندیاں لگائی ہیں۔

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ ماسکو پر امریکا کے انتخابات میں مداخلت اور سائبر حملہ کرنے کی بنیاد پر پابندیاں عائد کیں، جوبائیڈن نے معاشی پابندیوں کے فیصلے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کردیئے۔ نیٹو اور یورپی یونین نے فیصلے کی حمایت کردی۔

روس نے الزامات کو مسترد کر دیا، ماسکو میں تعینات امریکی سفیر کو طلب کر لیا گیا۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ امریکا کو جلد جارحانہ جواب دیا جائے گا۔ امریکا کو سمجھنا پڑے گا کہ دنیا میں ایک سے زیادہ طاقتیں وجود رکھتی ہیں، دنیا امریکا کی اجارہ داری کو تسلیم نہیں کرتی۔
 

Advertisement