حجر اسود کے بعد مقام ابراہیم کی نایاب تصاویر منظر عام پر آ گئیں

Published On 05 May,2021 10:07 pm

مکہ: (ویب ڈیسک) مکہ المکرمہ میں مسلمانوں کے مقدس ترین مقام مسجد الحرام میں پیغمبر حضرت ابراہیم علیہ السلام سے منسوب مقام ابراہیم کی نایاب تصاویر پہلی مرتبہ سامنے آئی ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین کے انتظامی امور کے نگران ادارے نے ان تصاویر کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا ہے یہ تصاویر جدید فوٹوگرافی تکنیک کے ذریعے بنائی گئیں ہیں۔

مقام ابراہیم خانہ کعبہ سے 10 میٹر مشرق کی جانب صفا و مروہ کی سمت میں واقع ہے اور اس پر حضرت ابراہیم علیہ السلام کے پیروں کے نشان موجود ہیں۔

ادارہ امور حرمین کے مطابق حضرت ابراہیم نے اس پتھر پر کھڑے ہو کر خانہ کعبہ کو تعمیر کیا تھا۔

مقام ابراہیم کو محفوظ بنانے کی غرض سے بنائے گئے شیشے کے شوکیس میں رکھے ہوئے پتھرکے وسط میں حضرت ابراہیمؑ کے قدموں کے واضح نشانات موجود ہیں جن کی شکل بیضوی ہے، ان نشانوں کی اونچائی اور لمبائی 50 سینٹی میٹر کے قریب ہے۔

یاد رہے حرمین شریفین کے انتظامی امور کی نگران عمومی صدارت نے گزشتہ روز جنت سے ارسال کردہ مقدس پتھر ’’حجر اسود‘‘ کی اعلیٰ معیار کی تصاویر جاری کیں تھیں جن کی عکاسی میں جدید تکنیک استعمال کیے جانے کی وجہ سے حجر اسود کی انتہائی واضح تصویر پہلی مرتبہ دنیا کے سامنے آئی۔

ان تصاویر کو انٹرنیٹ، ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر پسندیدگی کے اظہار کے ساتھ شیئر کیا جا رہا ہے۔
 

Advertisement