ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں نئے تعلیمی سال کیلئے نئی اصلاحات متعارف کراتے ہوئے اعلان کیا گیا ہے کہ آئندہ سے مملکت میں نئے تعلیمی سال کیلئے تین سمسٹر ہوں گے جبکہ ہر سمسٹر 13 ہفتوں پر مشتمل ہوگا۔
اس بات کا اعلان سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی نظام میں بنیادی تبدیلیاں کر دی گئی ہیں، اس سلسلے میں نئے مضامین کو نصاب کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد بن محمد آل الشیخ کا کہنا تھا کہ طلبہ کیلئے تعلیمی اوقات کار میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ تمام فیصلے سعودی نظام تعلیم کا جائزہ لینے کے بعد اٹھائے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے تعلیمی سال میں تمام طلبہ کی حاضری لازمی ہوگی، امید کی جانی چاہیے کہ تعلیمی عملے کو یکم اگست سے پہلے کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگ جائے گی۔
اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ اب پورے سعودی عرب میں ہر سمسٹر کے بعد ایک ہفتے کی چھٹی ہو گی جبکہ پورے سال میں طلبہ کو 12 چھٹیاں دی جائیں گی۔ نیا تعلیمی سال 29 اگست 2021ء سے شروع ہوگا اور 30 جون 2022ء تک جاری رہے گا۔