کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانےوالےافراد بھی ماسک پہننا نہ چھوڑیں، ڈبلیو ایچ او

Published On 27 June,2021 04:27 pm

جنیوا: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا کے پھیلنے کی وجہ سے عالمی صحت تنظیم ڈبلیو ایچ او نے اپیل کی ہے کہ جن لوگوں نے کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے لی ہیں وہ بھی ماسک پہننا نہ چھوڑیں۔

سوئس ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی افسر مریانگیلا سماو نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ خطرناک اور زیادہ متعدی ڈیلٹا ویریئنٹ کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سماجی فاصلہ پر عمل کرنا، ماسک پہننا اور دیگرحفاظتی اقدامات کو نہیں چھوڑنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کواپنے آپ کو صرف اس لئے محفوظ محسوس نہیں کرنا چاہیے کہ انہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں لے لی ہیں، ایسے افراد کو ابھی بھی کورونا وائرس سے خود کو بچانے کی ضرورت ہے۔

ڈیلٹا وائرس سب سے پہلے بھارت میں سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈبلیو ایچ او کے مطابق ڈیلٹا وائرس تقریباً 85 ممالک میں پھیل چکا ہے۔
 

Advertisement