نیویارک: (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بچوں پر پیلٹ گن کا استعمال کرنا فوری طور پر بند کرے۔ معصوم جانوں کیساتھ ایسا رویہ دوبارہ اختیار کرنے کی کوشش نہ کی جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اہم بیان اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گٹریش کی جانب سے دیا گیا ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل میں ایک بحث کے دوران بیان دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے بچوں کے حقوق نظر انداز کرنا دل دہلا دینے والا عمل ہے۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اس قدر خراب ہے کہ وہاں سکولوں کو فوجی مقاصد کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔
انہوں نے سلامتی کونسل کے ایک اہم اجلاس میں ہونے والی کھلی بحث میں اپنی تازہ ترین رپورٹ بھی پیش کی۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کانگو، شام اور افغانستان جیسے جنگ زدہ ملکوں میں تقریباً 20 ہزار بچوں کیساتھ سنگین خلاف ورزیاں کی گئی ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے پیش کی گئی اس رپورٹ میں دل دہلا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ سال 2020ء درجنوں بچے اور بچیاں بھارتی فوج کے تشدد سے متاثر ہوئے، ان میں سے 9 کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ 30 زندگی بھر کیلئے معذور ہو چکے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گنوں کے حملوں میں بچوں کے زخمی ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بچوں کیخلاف کی جانے والی کارروائیاں سخت پریشان کن ہیں۔ میرا بھارت سے مطالبہ ہے کہ وہ معصوم بچوں کی حفاظت کیلئے اقدامات کرے۔
انہوں نے ہندوستانی حکومت پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ بچوں کیخلاف ایسی کارروائیاں دوبارہ نہ دہرائی جائیں۔
ادھر چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گٹریش کی جانب سے بھارت کی غیر قانونی قابض حکومت کے کشمیری بچوں کو نظربند کرنے پر گہری تشویش کے اظہار کا خیرمقدم کیا ہے۔
منگل کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ انٹونیو گٹریش کا بھارت سے کشمیری بچوں پر تشدد کے خاتمے کا مطالبہ خوش آئند ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹونیو گٹریش نے بھارت سے کشمیری بچوں پر پیلٹ گنز کے غیر قانونی استعمال کو روکنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل اقوامِ متحدہ نے کشمیری بچوں پر جاری بھارتی مظالم اور تشدد پر بھی پریشانی کا اظہار کیا۔
شہریار خان آفریدی نے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوامِ متحدہ کے مطابق بھارت کو کشمیری بچوں کی نظربندی آخری راستہ کے طور پر اختیار کرنا چاہیے تھی، اقوامِ متحدہ سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ بھارت کو کشمیری بچوں کی نظربندی کی کم سے کم مدت بھی طے کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا کہ انٹونیو گٹریش کا بھارت سے حراستی مراکز میں ہر قسم کے ناروا سلوک کی روک تھام کیلئے مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کی بربریت، سرچ آپریشن کے دوران کشمیری نوجوان شہید
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت جاری ہے۔ قابض فوج نے سرچ آپریشن کے دوران ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نوجوان کو سری نگر کے علاقے پارم پورہ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا گیا۔ غاصب فوج نے گھر گھر تلاشی کے دوران چند نوجوانوں کو گرفتار بھی کر لیا۔
ظالمانہ کارروائی کے خلاف کشمیریوں نے احتجاج کیا۔ علاقے میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند کر دی گئی۔ دو روز میں شہدا کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔