اسلام کی حقیقی تصویر اعلیٰ اخلاق ہے، اللہ تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، خطبہ حج

Published On 19 July,2021 09:02 am

ریاض: (دنیا نیوز) مسجد نمرہ میں خطبہ حج سے خطاب کرتے ہوئے شیخ بندربن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ اسلام کی حقیقی تصویر اعلیٰ اخلاق ہے،اللہ غرور اور تکبر کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا، اللہ کی رحمت سے وہی مایوس ہوتا ہے جو گمراہ ہوچکا ہو۔

امام کعبہ نے خطبہ حج میں کہا کہ مسلمان آپس میں عداوت اورنفرت کوختم کر دیں، بے شک اللہ زمین پر فساد پھیلانے والوں کو پسند نہیں کرتا۔ اللہ نے جیسے تم پر احسان کیا ویسے تم بھی لوگوں پر احسان کرو، اللہ کی رحمت احسان کرنے والوں کے قریب ہے۔ اللہ نے والدین کے ساتھ بھلائی کا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا ہے، ان کے بعد رشتے داروں سے اچھا رویہ اختیار کرو، رسول ﷺنے فرمایا اپنے ملازمین کے ساتھ احسان سے پیش آو، خادموں پران کی طاقت سے زیادہ بوجھ مت ڈالو،اپنے کلام پر مشتمل کتاب کو تم لوگوں کیلئے بھیجا گیا ہے تاکہ تم ہدایت پاؤ اور اللہ جسے چاہتا ہے ہدایت دے دیتا ہے۔

میدان عرفات میں 60 ہزار عازمین نے حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا، آج عازمین اپنا باقی دن عبادت میں گزاریں گے۔ نماز مغرب کے بعد مزدلفہ جائیں گے اور کنکریاں اکٹھی کریں گے۔

قبل ازیں مسجد الحرام میں غلاف کعبہ تبدیل کرنے کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی، نئے غلاف کعبہ کو 670 کلوگرام خام ریشم سے بنے سیاہ کپڑے سے بنایا گیا ہے، غلاف پر 120 کلوگرام سنہری اور سو کلو گرام چاندی کے دھاگے سے آیات قرآنی اور مقدس کلمات منقش کیے گئے ہیں۔

 رواں برس ویکسین لگوانے والے 60ہزار افراد کوحج کی اجازت دی گئی ہے جبکہ کورونا سے پہلے ہر برس تقریبا 30لاکھ مسلمان حج کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ پہنچتے تھے۔