بھارتی وزیرخارجہ نے فیٹف میں پاکستان کا معاملہ سیاسی بنانے کا اعتراف کر لیا

Published On 19 July,2021 10:26 am

لاہور: (دنیا نیوز) بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے فیٹف میں سیاسی مداخلت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیٹف نے بھارتی دباؤ پر پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

بھارتی وزیر خارجہ کے اس انکشاف کے بعد فیٹف کی غیر جانبداری پر سوال اٹھنے لگے۔ فیٹف خود کو غیر سیاسی پلیٹ فارم قرار دیتی ہے لیکن بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بی جے پی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف دباؤ بڑھانے میں کامیاب رہا اور بھارتی دباؤ پر ہی پاکستان کو گرے لسٹ سے نہیں نکالا گیا۔ جے شنکر نے دعویٰ کیا کہ فیٹف میں بھارتی دباو کے سبب پاکستان کے رویئے میں تبدیلی آئی ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے پر ایف اے ٹی ایف پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ دیکھنا ہو گا کہ فیٹف کو سیاسی مقاصد کیلئے تو استعمال نہیں کیا جارہا، انہوں نے عالمی برادری کو یاد دہانی کروائی کہ فیٹف کی جانب سے 27 نکات دیئے گئے اور تسلیم بھی کیا گیا کہ 27 میں سے 26 نکات پر پاکستان نے مکمل عملدرآمد کر لیا ہے، 27 ویں نکتے پر بھی کافی حد تک پیش رفت ہو چکی ہے اور پاکستان مزید اقدامات اٹھا رہا ہے۔

دوسری طرف بھارتی وزیرخارجہ کی جانب سے ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ کا معاملہ سیاسی بنانے کے اعتراف کے بعد پاکستان نے مسئلہ ایف اے ٹی ایف کے صدر کے سامنے اٹھانے پر غور شروع کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیرخارجہ کا پاکستان کوایف اے ٹی ایف گرےلسٹ میں رکھنے بارےمتنازعہ بیان آیا، یہ بیان ایف اے ٹی ایف میں بھارت کےمنفی کردار بارے پاکستانی دیرینہ موقف کی تصدیق ہے۔

 

Advertisement