کورونا کےماخذ کی تلاش کوسیاسی رنگ دینے سےکچھ حاصل نہیں ہوگا:چین

Published On 29 August,2021 08:41 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے ماخذ کی تلاش کو سیاسی رنگ دینے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

چینی ریڈیو کے مطابق نائب وزیر خارجہ ما چاؤ شوئی نے ایک انٹرویو میں امریکا کے خفیہ ادارے کی جانب سے تیار کردہ ٹریس ایبلٹی رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ یہ نام نہاد رپورٹ سیاسی اور جھوٹ پر مبنی رپورٹ ہے جس کی سائنسی ساکھ اور حیثیت نہیں ہے۔

ما چاؤ شوئی نے کہا کہ اس رپورٹ کے ذریعے امریکہ نے چین پر بہتان لگایا ہے۔ چین نے اس رپورٹ کی سخت مخالفت کی ہے اور امریکی فریق کے ساتھ اس حوالے سے سنجیدہ بات چیت کی ہے۔

چینی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم نے کئی دفعہ اس بات کو دہرایا ہے کہ کورونا وائرس کے ماخذ کا سراغ لگانا ایک پیچیدہ سائنسی مسئلہ ہے اور اس پر صرف عالمی سائنسدانوں کے ذریعے ہی تحقیق ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاہم امریکہ سائنس اور حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے سیاسی جوڑ توڑ اور انٹیلی جنس ٹریسنگ کے جنون میں مبتلاہے، وہ کوئی حقیقی ثبوت فراہم نہیں کر سکا، لیکن امریکہ نے چین کو بدنام کرنے کے لیے بار بار جھوٹ کا سہارا لیا ہے۔

 

Advertisement