لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی ملکہ الزبتھ نے خاتون سے زیادتی کے الزامات پر اپنے بیٹے پرنس اینڈریو سے شاہی اعزازات واپس لے لئے، اینڈریو امریکی عدالت میں مقدمات کا سامنا اب بطور عام شہری کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق پرنس اینڈریو پر ورجینیا رابرٹس نامی خاتون نے الزام عائد کر رکھا ہے کہ 2001 میں اینڈریو نے انہیں اس وقت زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ وہ ابھی کم سنی کے دور سے گزر رہی تھیں۔ عدالت نے اینڈریو کی مقدمہ خارج کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا، ان کو اب عدالتی کارروائی کا سامنا شاہی خاندان کی مدد کے بغیر کرنا ہو گا۔
سرکاری اعزازات واپس لینے پر پرنس اینڈریو کے نام کے ساتھ ہزہائنس کا خطاب استعمال نہیں ہو گا جبکہ وہ تمام قسم کی شاہی ذمہ داریوں سے بھی دور رہیں گے۔